منقبت خدا بھی راضی ہو ایسی رضا کی بات کریں ادب سے بنتِ رسولِ خدا کی بات کریں وہ جس کا سایۂ دامن نہ چرخ نے دیکھا اسی شگفتۂ شرم و حیا کی بات کریں جہاں سے مانگنے والے نہیں گئے خالی اسی کریموں کے بابِ عطا کی بات کریں ادب جنہیں نہیں آتا بتولِ زہرا کا وہ کیا حبیبِ خدا سے وفا کی بات کریں کہا حضور نے خود ان کو بضعۃ منّی تو کیوں نہ بانوئے شیرِ خدا کی بات کریں خدا نے اپنی حفاظت میں جن کو رکھا ہے ہم ان کے بارے میں کیسے خطا کی بات کریں ہر ایک سمت سے گھیرا ہے مشکلوں نے اگر تو لازمی ہے کہ مشکل کشا کی بات کریں مبارزت کی فضا میں مصالحت کے لیے معارفِ حسنِ مجتبیٰ کی بات کریں قضا بھی دیدۂ حیرت سے تکتی رہ جائے خصوصیاتِ شہِ کربلا کی بات کریں بروزِ حشر اگر چاہتے ہیں سایۂ عرش ادائے خاص سے اہلِ کسا کی بات کریں اسی کو کہتے ہیں تفسیرِ سورۂ کوثر عزیزو آو ہم آلِ عبا کی بات کریں حسن حسین کی باتیں کیا کریں فاضل علی و فاطمہ و مصطفےٰ کی بات کریں فاضل میسوری ©Abdul Ashrafi #citylight manqabat